بی جے پی نے کامیابی کے جھنڈے گاڑ دیے

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی آبادی کے لحاظ سے ملک کی سب سے بڑی ریاست، اتر پردیش کے انتخابات جیتنے میں کامیاب ہو گئی ہے۔ بھارت کی اس شمالی ریاست کی آبادی 220 ملین ہے۔ بی جے پی کے صدر امت شاہ کے مطابق ان کی جماعت کو پچھتر فیصد ووٹ ملے ہیں۔ انہوں نے اسے ایک تاریخی کامیابی قرار دیا۔ ان کے بقول یہ نتیجہ بھارتی سیاست کو ایک نیا رخ دے گا،’’عوام کو بی جے پی اور نریندر مودی پر بھروسہ کرنے کا صلہ ضرور ملے گا۔‘‘ ملکی الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ کے مطابق اتر پردیش کی 403 نشستوں میں سے بی جے پی کو 311 پر کامیابی ملی ہے۔

خیال رہے کہ وزیر ا‏عظم مودی کی پارٹی بی جے پی نے یو پی میں سماج وادی پارٹی اور سابق وزیر اعلیٰ مایاوتی کی زیرِ قیادت بہوجن سماج پارٹی کے خلاف زبردست انتخابی مہم چلائی تھی۔نریندر مودی نے اپنی پارٹی کی انتخابی مہم میں مرکزی کردار ادا کیا تھا اور انھوں نے مہم کے دوران ریاست میں ترقی کے ساتھ بدعنوانی کو ختم کرنے کا وعدہ بھی کیا۔

اتر پردیش کے ان ریاستی انتخابات کو وزیر اعظم نریندر مودی کے لیے ایک سیاسی امتحان قرار دیا جا رہا تھا۔ مودی 2019ء کے پارلیمانی انتخابات میں ایک مرتبہ پھر وزارت عظمٰی کے امیدوار بننا چاہتے ہیں۔ کانگریس اور اس کی اتحادی جماعتوں نے اتر پردیش میں شکست تسیلم کر لی ہے۔ کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے مودی کو اس فتح پر مبارکباد دی ہے۔

اسی طرح میانمار کی سرحد پر واقع شمال مشرقی ریاست منی پور میں کانگریس کو اٹھائیس اور بی جے پی کو اکیس نشستیں ملی ہیں۔ اس سے قبل ہوئے انتخابات میں بی جے پی ریاست کی ساٹھ رکنی اسمبلی کی ایک بھی نشست جیتنے میں کامیاب نہیں ہو سکی تھی۔ تاہم یہ ابھی غیر واضح ہے کہ منی پور اور گوا میں کونسی جماعت حکومت بنانے میں کامیاب ہوتی ہے کیونکہ ان دونوں ریاستوں میں کانگریس کو ملنے والی نشستوں کی تعداد بی جے پی سے زیادہ ہے تاہم یہ جماعت واضح اکثریت حاصل نہیں کر پائی ہے۔

کانگریس کو پنجاب کے انتخابات میں کامیاب ہوئی ہے۔پنجاب میں 10 سال سے حکمراں اکالی بی جے پی اتحاد کو زبردست شکست ہوئی ہے۔ یہاں کانگریس کو جیت حاصل ہوئی ہے۔ اکالی بی جے پی اتحاد تیسرے مقام پر ہے جبکہ ریاست میں پہلی بار الیکشن میں حصہ لینے والی عام آدمی پارٹی دوسرے نمبر پر ہے۔

نتائج کے مطابق 117 نشستوں میں سے کانگریس نے 77 نشستیں جیتی ہیں جبکہ اکالی دل اور بی جے پی کے اتحاد نے 18 نشستیں جیتی ہیں۔عام آدمی پارٹی نے 20 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔

سنہ 2012 میں صوبے میں کانگریس نے 46 نشستیں، شرومنی اکالی دل اور بی جے پی نے 56 نشستیں جیتی تھیں جبکہ تین نشستوں پر دیگر امیدوار کامیاب ہوئے تھے۔

اترا کھنڈ ریاست کی ستر میں سے 57 نشستوں پر بی جے پی کے امیدوار کامیاب ہوئے ہیں۔ اس ریاست میں کانگریس کو صرف گیارہ  سیٹیں ملی ہیں۔ یہ انتخابات اتر پردیش اور چار دیگر یونین ریاستوں میں کرائے گئے تھے اور کئی مراحل میں یہ انتخابی عمل قریب ایک مہینے میں پورا ہوا تھا۔ اس نتیجے کے بعد راجیہ سبھا یا ایوان بالا میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی پوزیشن مزید مضبوط ہو گئی ہے۔ راجیہ سبھا میں اکثریت نہ ہونے کی وجہ سے بی جے پی اپنے اصلاحاتی منصوبوں پر مکمل طور پر عمل نہیں کر پا رہی تھی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *