مظلوم عوام کی دعا 

aimal-250x300

ایمل خٹک 

اے خداوند بزرگ و برترآپ تو خود ہر رنگ، نسل، عقیدہ اور مذہب کے افراد کے پیدا کردہ اور خالق ہیں اور ان کو برداشت کر رہے ہیں مگر آپ کے نام لیوا دیگر عقائد اور مذاہب کے ماننے والوں یعنی آپ کی پیدا کردہ مخلوق کو برداشت کرنے کیلئے تیار نہیں اور آپ کا نام لیکر ان کو کبھی ایک نام کبھی دوسرے نام کبھی ایک اور کبھی دوسرے بہانے صفحہ ہستی سے مٹانے پر تلے ہوئے ہیں اور انہیں آپ کی عطا کردہ حق زندگی سے محروم کرنے کے درپے ہیں ۔ 

  اے خداوند بزرگ و برترآپ ان افراد سے بازپرس فرما ان کو راہ راست پر لا جو معاشرے میں امن و سلامتی کی بجائے نفرت اور تشدد ، رواداری اور برداشت کی بجائے عدم رواداری اور میانہ روی کی بجائے تنگ نظری اور انتہاپسندی پھیلاتے ہیں۔ آپ کے سچے اور مخلص ماننے والوں کو طرح طرح سے گمراہ کرتے ہیں اور ایک مسلمان بھائی کو دوسرے سے لڑاتے ہیں ۔ بیگناہ عوام کا ناحق خون بہاتے ہیں۔  

 اے خداوند بزرگ و برتران جاہل اور بے شعور افراد کو یہ بات سمجھنے کی اہلیت دیں شعور دیں کہ جان لینے اور دینے والے وہ نہیں بلکہ آپ ہیں ! اور آپ کے کاموں میں مداخلت بھی ایک قسم کا شرک ہے۔  

اے خداوند بزرگ و برترمظلوم عوام کو ان تنگ نظر اور متشدد قوتوں کی سے شر سے بچا جن کے ہاتھوں آپ کے ماننے والے نہ تو مذہبی مقامات نہ مذہبی مجالس اور نہ جلوسوں میں محفوظ ہیں اور انہیں اپنے پیغام کو مکمل اور پورے سیاق و سباق کے ساتھ سمجھنے کی صلاحیت عطا فرما!  

اے خداوند بزرگ و برتر! مظلوم عوام کو مذہب کا چورن بیچنے والے ان جاہ طلب، مادہ پرست اور ریاکار شخصیات اور ان کے مقامی، علاقائی اور بین الاقوامی حمایتیوں اور سرپرستوں کی شر سے محفوظ رکھ اور ان کو بے نقاب اور رسوا کر

اے خداوند بزرگ و برتر! آپ کے پیغام اورہدایت کو غلط ملط کرنے ، مذہب کو سیاست کی بھینٹ چڑھانے اور انہیں اپنی دنیاوی خواہشات کا غلام بنانے والے مذہبی شخصیات کی راہنمائی فرما اور انہیں راہ راست پر لا

اے خداوند بزرگ و برتر! علماء حق کو مذہب کو بدنام اور مذموم مقاصد کیلئے مذہب کا نام استعمال کرنے والوں کو عوامی سطح پر افشاء ، ان کے گمرا کن ، انتشاری اور فسادی سوچ اور خیالات کی نظریاتی بنیادوں کو چیلنج کرنے اور مخالفت کرنے کا حوصلہ عطا فرما

اے خداوند بزرگ و برتروہ نیک دن کب آئیگا جب صاحب اختیار اور صاحب اقتدار قوتوں میں یہ جرات اور حوصلہ آئیگا کہ وہ قوم کو یہ سچ بتا سکے کہ ملک کے اندر دہشت گردی کرنے والے مسلمان ہیں اور پاکستانی ہیں اور انکا تعلق فلاں کالعدم مذہبی عسکریت پسند تنظیم سے ہے مگر فلاں فلاں مصلحت کے تحت وہ ان کے خلاف کاروائی کرنے سے قاصر ہیں!  جبکہ ان کی سرپرستوں کی فہرست میں اندرونی کے ساتھ ساتھ بیرونی قوتوں کے نام بھی شامل ہیں۔ 

اے خداوند بزرگ و برتر! ہمارے حکمرانوں ( حقیقی اور برائے نام دونوں ) کو دوران حکومت اور ملازمت اپنے جرائم کا اعتراف کرنے کی توفیق عطا فرما انہیں تنگ نظری ، انتہاپسندی ، نفرت اور تشدد آمیز پالیسیوں پر نظر ثانی کی توفیق دیں ۔ اور انہیں رواداری، میانہ روی اور دوسروں کےعقیدے اور نظریات کے احترام کا سلیقہ عطا فرما! انہیں اپنے مذموم مقاصد کیلئے معصوم شہریوں کے مذہبی جذبات سے کھیلنے سے باز رکھ!  

آمین ! ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *