اسلام مذہب کم اور مطلق العنان تحریک زیادہ ہے

19251231_303

یورپ میں اسلام کے سیاسی استعمال کے بڑھتے ہوئے رحجان کے خلاف اسلام مخالف تنظیموں کی مقبولیت میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ حال ہی میں جرمنی کی اسلام مخالف سیاسی جماعت اے ایف ڈی نے صوبائی انتخابات میں کامیابی بھی حاصل کی ہے۔

اس سیاسی جماعت، اے ایف ڈی ،کے ایک نئے رکن اور معروف صحافی کا اسلام سے متعلق دیا گیا ایک متنازعہ بیان ایک نئی بحث کی وجہ بن گیا ہے۔ اس جرمن صحافی نے اسلام کو نازی ازم کے مماثل قرار دیا ہے۔

خبر رساں ایجنسی ڈی پی اے کی رپورٹوں کے مطابق اس صحافی کا نام نکولاؤس فَیسٹ ہے، جو 2014ء تک کثیر الاشاعت جرمن اخبار ’بِلڈ‘ سے وابستہ تھے۔ دو سال قبل نے اس جرمن روزنامے سے اپنا تعلق اس وقت ختم کر دیا تھا، جب ان کے لکھے ہوئے ایک متنازعہ اسلام مخالف اداریے پر شدید تنقید کی گئی تھی۔

اس صحافی نے جمعرات چھ اکتوبر کو برلن میں قوم پسند سیاسی پارٹی ’آلٹرنیٹیو فار جرمنی‘ یا اے ایف ڈی میں اپنی شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے جو پریس کانفرنس کی، اس میں فَیسٹ نے اسلام کو نازی ازم کے مماثل قرار دیتے ہوئے کہا، ’’اسلام ایک مذہب کم ہے اور ایک مطلق العنان تحریک زیادہ‘‘۔

اس موقع پر واضح طور پر اسلام مخالف سوچ کے حامل اے ایف ڈی کے اس نئے رکن نے کہا، ’’ہمیں اس نظریے پر عوامی سطح پر عمل درآمد کو ہر حال میں روکنا ہو گا۔ یہ ایسے ہی ہے، جیسے میں جرمنی میں عوامی مقامات پر سواستیکا یا دیگر نازی علامات بھی نہیں دیکھنا چاہتا۔‘‘۔

فَیسٹ نے صحافیوں کو بتایا، ’’اگر میں نازی سوچ کی مظہر کوئی علامات جرمنی میں پبلک مقامات پر نہیں دیکھنا چاہتا، تو اسی طرح میں عوامی زندگی میں کسی دوسرے مطلق العنان نظریے کی نمائندہ علامات بھی نہیں دیکھنا چاہوں گا‘‘۔

خیال رہے کہ جرمنی میں، جہاں نازی دور کی علامات کا اظہار، ان کی نمائش یا نازی سوچ کے حامی نعرے لگانا بھی قانوناً منع ہے۔

نکولاؤس فَیسٹ کثیر الاشاعت جریدے ’بِلڈ‘ کے ڈپٹی چیف ایڈیٹر تھے اور دو سال قبل انہیں اپنی ان ذمے داریوں سے اس لیے علیحدہ ہونا پڑا تھا کہ انہوں نے اپنے ایک اداریے میں لکھا تھا: ’’اسلام جرمنی میں تارکین وطن کے سماجی انضمام کی راہ میں ایک رکاوٹ ہے‘‘۔

اپنے اسی اداریے میں نکولاؤس فَیسٹ نے تب یہ بھی لکھا تھا کہ جرمنی میں ’اسلامی پس منظر کے حامل تارکین وطن میں جرائم کے ارتکاب کی

شرح مقابلتاً بہت زیادہ ہے اور مبینہ طور پر ’اسلام خواتین اور ہم جنس پرست افراد کی تذلیل‘ بھی کرتا ہے۔

ان خیالات کے اظہار کے بعد تب فَیسٹ کے سینیئر ساتھیوں اور اخبار کی انتظامیہ نے ان کی سوچ سے دوری اختیار کر لی تھی، جس پر نکولاؤس فَیسٹ نے اپنے استعفے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ آئندہ وہ فری لانس جرنلزم کریں گے۔

اسلام اور تارکین وطن کی مخالفت کرنے والی جرمنی کی قو م پرست سیاسی جماعت ’متبادل برائے جرمنی‘ یا اے ایف ڈی نے اپنی سیاسی تحریک کا آغاز 2013ء میں یورپی مشترکہ کرنسی یورو کی مخالف ایک جماعت کے طور پر کیا تھا اور اس کے بعد سے وہ مسلسل اسلام اور جرمنی میں مہاجرین اور تارکین وطن کی آمد کی مخالف بھی ہوتی چلی گئی۔

اے ایف ڈی اب تک مختلف صوبائی انتخابات کے نتیجے میں جرمنی کے کل سولہ میں سے دس صوبوں کے پارلیمانی اداروں میں نمائندگی حاصل کر چکی ہے اور امکان ہے کہ اگلے برس ہونے والے وفاقی جرمن الیکشن کے نتیجے میں وہ وفاقی پارلیمان یا بنڈس ٹاگ میں بھی نمائندگی حاصل کر لے گی۔

DW

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *